خیبرپختونخوا کے دارالحکومت کے علاقے بازید خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے بینک میں داخل ہوکر فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ انقلاب کے علاقے بازید خیل میں نامعلوم مسلح افراد نے نجی بینک کے اندر گھس کر عملے کو یرغمال بنایا اور فائرنگ کر کے سیکیورٹی گارڈ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ملزمان واردات کے بعد مقتول کاپستول لے کر موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے منیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
نجی بینک کی بازید خیل برانچ کے منیجر ذوالفقار ولد غلام سرور نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ روز عملے کے ہمراہ بینک میں موجود تھے کہ اس دوران تین مسلح افراد اندر داخل ہوئے اور اسلحے کی نوک پر دونوں سیکیورٹی گارڈز سمیت پورے عملے کو یرغمال بنا لیا۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ ملزمان نے دھمکی دی کہ ان کا بینک کی رقم سے کوئی لینا دینا نہیں، اسی دوران انہوں نے فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ محمد شیر ولد چراغ شاہ کو قتل کر دیا جبکہ دوسرا گارڈ نور حیدر خوف کے باعث حرکت نہ کر سکا۔
ملزمان فرار ہوتے وقت مقتول گارڈ کے پاس موجود سکیورٹی کمپنی کا پستول بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
پولیس کے مطابق قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔