راولپنڈی؛ بااثر افراد کے رکشہ ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی

پولیس نے مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا، مزید کی تلاش میں چھاپے جاری


ویب ڈیسک January 21, 2026

راولپنڈی:

بااثر  کے رکشہ ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ کلرسیداں کی حدود میں دھان گلی ہائی وے پر بااثر ملزمان کی جانب سے رکشہ ڈرائیور پر شدید تشدد کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں 3 سے 4 افراد کو رکشہ ڈرائیور کو بے دردی سے پیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران رکشہ ڈرائیور زمین پر گر جاتا ہے جس کے بعد بھی اسے مسلسل مارا جاتا رہا۔

ویڈیو میں ایک شخص کو نوجوان رکشہ ڈرائیور کو مارنے کی ہدایات دیتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے جب کہ ملزمان میں سے ایک خود تشدد کی وڈیو بھی بناتا رہا۔ واقعے کے بعد سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے سنگین صورتحال کا نوٹس  لیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ کلرسیداں نے سرقہ بالجبر کے جرم میں 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جس کے مطابق ملزمان رکشہ ڈرائیور سے 37 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون بھی لوٹ کر لے گئے تھے۔ مقدمے میں نامزد گلفراز وغیرہ 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایچ او عاقب رزاق کی سربراہی میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔

 

مقبول خبریں