کراچی:
گل پلازہ میں آتشزدگی کے دوران جہاں سیکڑوں تاجروں کا سامان دکانوں سمیت جل کر خاکستر ہوگیا، وہیں اپنے شوہر کے ساتھ گارمنٹس کا کاروبار کرنے والی خاتون کی درد بھری کہانی بھی سامنے آئی ہے جن کی زندگی بھر کی جمع پونجی آگ کی نذر ہوگئی۔
انعم نامی خاتون کے شوہر کی گزشتہ 15 سال سے گل پلازہ کے بیسمنٹ میں گارمنٹس کی دکان تھی جہاں ہفتے کے روز ہی لاکھوں روپے کا مال ڈالا گیا تھا۔
ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو میں انعم نامی خاتون نے بتایا کہ 1998 سے شوہر گل پلازہ میں کام کرتے تھے لیکن تقریباً 15 سال سے گارمنٹس کی اپنی دکان تھی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت شوہر اور بچے بھی ساتھ دکان میں موجود تھے، اچانک آگ لگی پھر دھواں بھر گیا اور اندھیرا چھا گیا، ہم نے جلدی میں کچھ بھی نہیں اٹھایا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ سیزن کی وجہ سے لاکھوں روپے کا مال اس ہی شام دکان میں ڈالا تھا لیکن سب آگ کی نذر ہوگیا، حکومت سے درخواست ہے کہ جلد از جلد کوئی بندوبست کرے۔
انعم نامی خاتون کا کہنا تھا کہ چھوٹے تاجروں کا ذریعہ معاش اس کے علاوہ نہیں ہے، اب گھر کیسے چلے گا۔ کسی دوسری جگہ کاروبار کرنا آسان نہیں کیونکہ اس جگہ پر 15 سال سے کاروبار تھا۔