نوجوان نسل کی قومی تربیت کیلئے پاک فوج کے زیر اہتمام آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام ملک بھر میں جاری ہے۔
آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ میں مشہور تجزیہ نگار اور اسکالر احمد حسن العربی کی طلبہ کیساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
احمد حسن العربی نے پاکستان میں موجود دہشتگرد عناصر اور ان کے گمراہ کن پروپیگنڈا سے متعلق نوجوانوں کو آگاہ کیا۔ معروف تجزیہ نگار اور اسکالر احمد حسن العربی نے طلبہ کے سوالات کے جامع اور مدلل جوابات دیے۔
اس موقع پر احمد حسن العربی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہمیں فتنہ الخوارج کی نظریاتی بنیاد کو سمجھنا اور ہدف بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ گروہ قرآن کی اُن آیات کو، جو غیر مسلموں کیلئے مخصوص ہیں مسلمانوں پر لاگو کر کے گمراہ کن بیانیہ پھیلاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کے پیچھے بھارت کا کردار واضح ہے، ان کا مقصد پاکستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہو کر خوارجی عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
احمد حسن العربی نے بلوچستان میں موجود دہشتگرد تنظیموں کو بلوچ قوم کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے کیلئے فتنہ الخوارج کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہے۔