اداکار راشد محمود نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی بیماری کی تمام تفصیلات بتادیں اور مداحوں سے صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کردی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پیغام میں اداکار نے بتایا کہ میں 21 دن سے بستر پر تھا، اس دوران جناح اسپتال سے میرے علاج کا آغاز ہوا اور پھر مختلف ڈاکٹرز کے وزٹ کیے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران متعدد ٹیسٹ بھی کیے گئے، پہلے صرف دل کا مریض تھا اب مہروں کے مرض میں بھی مبتلا ہوگیا ہوں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جناح اسپتال میں علاج کے بعد طبعیت میں بہتری آئی تھی، بستر سے اٹھ کر خود چلنے کے قابل ہوں لیکن ابھی بھی تکلیف میں ہوں لیکن جس طرح پہلے تکلیف کی شدت تھی اس میں کچھ کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب سے التماس ہے کہ میرے لیے دعا کریں کہ میں مکمل صحتیاب ہو جاؤں تاکہ میری زندگی کا تسلسل برقرار رہے اور میں اپنی مزدوری کرتا رہوں۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ در حقیقت میں اس ملک کا ایک مزدور ہوں، کبھی کسی سے کچھ نہیں مانگا، مجھے صرف میرا رب ہی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دعا کریں میں جلد ٹھیک ہوجاؤں تاکہ میں اپنی زندگی کا تسلسل برقرار رکھوں اور کوئی نہ کوئی کام کرتا رہوں کیوں کہ میں کام کرتا ہوں تو میرا گھر چلتا ہے۔