کراچی میں گل پلازا کی ہولناک آتشزدگی کے بعد راولپنڈی میں بلڈنگ سیفٹی سروے شروع

سروے میں مجموعی طور پر 166 عمارتوں کا جائزہ لیا جائے گا


ویب ڈیسک January 23, 2026

راولپنڈی:

کراچی میں گل پلازا کی ہولناک آتشزدگی کے بعد راولپنڈی میں بلڈنگ سیفٹی سروے شروع کردیا گیا۔

راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے شہر اور کینٹ کی کمرشل اور ملٹی اسٹوری بلڈنگز کا چار دن میں سیفٹی سروے کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر 166 عمارتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی زیر صدارت بلڈنگ سیفٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں موجود کمرشل عمارتوں کی حفاظتی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جن کی نگرانی ڈائریکٹر لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول کریں گے۔

بلڈنگ سیفٹی سروے کے دوران اس بات کی تصدیق کی جائے گی کہ عمارتوں میں فائر فائٹنگ سسٹم، ہنگامی اخراج کے راستے اور دیگر حفاظتی انتظامات موجود ہیں یا نہیں۔ آر ڈی اے ذرائع کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کی حدود میں بھی بلڈنگ سیفٹی سروے کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی شہر اور کینٹ کی اکثر ملٹی اسٹوری اور کمرشل بلڈنگز میں بنیادی حفاظتی انتظامات تک موجود نہیں، جس کے باعث یہ عمارتیں کسی بھی وقت بڑے حادثات کو دعوت دے سکتی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بلڈنگ سیفٹی میں فائر سسٹم اور ہنگامی اخراج کے مؤثر انتظامات انتہائی ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ 2008 میں گکھڑ پلازا میں آتشزدگی کے نتیجے میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جس کے بعد بھی بلڈنگ سیفٹی پر مؤثر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ حالیہ واقعات کے پیش نظر راولپنڈی شہر اور کینٹ کی کمرشل عمارتوں میں سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

مقبول خبریں