بالائی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری کے خوبصورت مناظر، ویڈیوز دیکھیں

کالام میں برفباری کی مقدار تقریباً 3 فٹ بتائی جا رہی ہے


ویب ڈیسک January 23, 2026

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری سے ہر طرف سفیدی چھا گئی جبکہ سوشل میڈیا پر خوبصورت مقامات کی ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی ہے۔

وادی سوات کے علاقے کالام میں برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کالام میں برفباری کی مقدار تقریباً 3 فٹ بتائی جا رہی ہے۔

پارچنار میں منفی 5، کالام میں منفی 4 اور مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

وادی سوات میں شدید برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جبکہ وادی قدرت کا حسین منظر پیش کر رہی ہے۔

سوات کے بالائی علاقے کالام میں بھی شدید برفباری سے موسم دلکش ہوگیا جبکہ سیاحوں نے بھی رخ کرنا شروع کر دیا۔

بٹگرام میں بھی برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا، برفباری کا سلسلہ رات سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔

وادی کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں بھی برفباری کا دلکش منظر دیکھا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی ہے۔ 

اپر دیر کے علاقے میں برفباری کی مقدار اب تک 2 فٹ تک بتائی جا رہی ہے۔

ہزارہ ایکسپریس وے پر شدید برفباری کے باعث گاڑیوں لی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ضلع مردان کی تحصیل رستم اور مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔

ژالہ باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ کھیتوں میں کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات کو نقصان کا خدشہ ہے۔

ادھر، پشاور میں گزشتہ روز سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا جبکہ بارش سے سردی کی شدت بڑھنے سے درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ بارش کے بعد سرد ہوائیں چلنے لگیں۔

مقبول خبریں