عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ بجٹ ڈسپلن دیکھنے میں آیا ہے اورحکومتی اقدمات کے مثبت ثمرات موصول ہونے لگ گئے ہیں۔
ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تہہ دل سے عزت کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میں مثبت تبدیلی و ترقی کے لیے سنجیدہ ہیں، شہباز شریف جب کسی کام کو کرنے کی ٹھان لیں تو پھر اسے مکمل کرکے ہی چھوڑتے ہیں، ہماری متعدد بار ملاقاتیں ہوئی ہیں، ملاقاتوں میں پہلے سے متعین کردہ اہداف کے حصول اور ترقی کے مزید اہداف پر گفتگو ہوتی ہے۔
کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کی پاکستان کی ترقی کے لیے سنجیدگی اور پاکستان کی بہتری کے لیے مشکل اصلاحات کے ایجنڈے کے نفاذ کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ کافی عرصے سے مثبت انداز میں کام کر رہا ہے، پاکستانی حکومت سنجیدگی سے اصلاحات کا نفاذ کر رہی ہے اور حکومتی اقدمات کے مثبت ثمرات موصول ہونے لگ گئے ہیں۔
آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ پہلی مرتبہ بجٹ ڈسپلن دیکھنے میں آیا ہے اور عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی کے لیے وسائل خرچ کیے جارہے ہیں۔