شدید برف باری کے دوران ضلع کرم میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا


ویب ڈیسک January 24, 2026

پشاور:

ضلع کرم میں شدید برف باری کے باعث  صورتحال متاثر ہونے پر پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔

سیکورٹی فورسز نے بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے مناتو گاؤں سے مقامی کالج تک برف سے ڈھکے راستے کو صاف کردیا، ریلیف آپریشن کے بعد مناتو– صدا روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔

ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے علاقے میں اہم رابطوں کی بحالی ممکن ہوئی۔ مقامی آبادی نے سخت موسمی حالات میں مشکلات کم کرنے پر فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔

 دوسری جانب وادی تیراہ میں شدید برفباری کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 کا امدادی آپریشن گزشتہ 36 گھنٹوں سے مسلسل جاری ہے۔ سخت سردی، منفی درجہ حرارت اور دشوار گزار راستوں کے باوجود ریسکیو اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں بلا تعطل انجام دے رہے ہیں۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے ایمرجنسی گاڑیوں اور ہیوی مشینری کی مدد سے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے اب تک 1100 سے زائد متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا جبکہ 120 سے زائد پھنسے ہوئے گاڑیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

اس وسیع آپریشن میں ضلع خیبر کے ساتھ ساتھ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ سے 100 سے زائد ریسکیو افسران اور اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور ضروری امداد فراہم کی۔

مقبول خبریں