بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 12 ، بہتا پانی جم گیا، نظام زندگی متاثر

اہم شاہراہیں کئی مقامات پر برف سے ڈھک گئیں، برف ہٹانے کا کام جاری


ویب ڈیسک January 24, 2026

کوئٹہ:

بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 12 تک جم گیا  جہاں بہتا پانی بھی جمنے لگا ہے، جس سے نظام زندگی  درہم برہم ہوکر رہ گیا۔

صوبے کے شمالی اور بالائی علاقوں میں برفباری رکنے کے باوجود شدید سردی اور سائبرین ہواؤں کا سلسلہ برقرار ہے۔ کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں درجہ حرارت منفی سطح پر گرنے سے گھروں کی پائپ لائنوں میں پانی جم گیا، جس کے باعث شہریوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

شدید سردی کے باعث تالابوں، سڑکوں اور کھلے مقامات پر پانی منجمد ہو گیا ہے۔ کوئٹہ زیارت شاہراہ متعدد مقامات پر برف سے ڈھکی ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے اگلے 24 گھنٹوں تک سیاحوں کے زیارت جانے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ این 50 ژوب ہائی وے کئی مقامات سے بند ہے۔

چمن، قلعہ عبداللہ، زیارت، پشین اور توبہ اچکزئی سمیت دیگر علاقوں میں معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہیں۔

پاک افغان سرحدی اور بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نمک پاشی اور مشینری کے ذریعے سڑکیں کھولنے کا عمل جاری ہے۔

مقبول خبریں