کابینہ نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اختیار دیا، وزیراعظم

بورڈ آف پیس کے بعد امید ہے فلسطینیوں کو عزت اور وقار کے ساتھ حقوق ملیں گے، شہباز شریف کی لندن میں میڈیا سے گفتگو


ویب ڈیسک January 24, 2026
فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دی گئی جس پر کابینہ نے شمولیت کا اختیار دیا۔

لندن میں ہائی کمیشن سے روانگی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی پھر اس معاملے کو کابینہ میں رکھا گیا تو کابینہ نے شمولیت کا اختیار دیا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے بورڈ آف پیس کے بعد غزہ میں جلد امن قائم ہوگا اور فلسطینیوں کو عزت و وقار کے ساتھ اُن کے حقوق ملیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیووس کا دورہ انتہائی اچھا رہا، ٹرمپ نے پاکستان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ میں نے جنگ رکوانے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کے ساتھ ملاقات شاندار رہی اور انہوں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان ہائی کمیشن آمد ہوئی جہاں اُن کے ساتھ کرپٹو کونسل پاکستان کے سی ای او بلال بن ثاقب بھی تھے۔

ہائی کمیشن میں بزنس کمیونٹی اورڈیجیٹل کرنسی اور بلاک چین کے ماہرین سے وزیراعظم اور بلال بن ثاقب کی میٹنگ ہوئی، سابق ایم پی اے ڈاکٹر اشرف چوہان بھی میٹنگ کا حصہ تھے۔

مقبول خبریں