بالائی علاقوں میں برفباری تھم گئی، سڑکوں پر کئی فٹ برف موجود، ریسکیو آپریشن جاری

ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر بدستور برقرار ہے


ویب ڈیسک January 24, 2026

ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے جاری برفباری کا سلسلہ فی الحال رک گیا ہے، تاہم شدید سردی کی لہر بدستور برقرار ہے۔

 کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ برف موجود ہے جس کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں۔

اپر ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کاغان شہر تک سڑک کو کلیئر کر دیا گیا جبکہ شوگران میں پھنسے سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

کالام، ملم جبہ اور گبین جبہ میں برف ہٹانے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ لوئر دیر اور ضلع کرم میں بھی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے جہاں برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

ادھر استور میں شدید برفباری کے بعد نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، جبکہ استور ویلی روڈ تاحال بحال نہ ہو سکی۔ ہنزہ کے زلزلہ متاثرہ علاقے چیپورسن میں تیز ہواؤں اور شدید سردی کے باعث متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس پر کئی خاندان دیگر علاقوں کی جانب منتقل ہو گئے ہیں۔

شمالی بلوچستان اور بالائی سرحدی علاقوں میں سائبیرین ہواؤں کے باعث ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔

مقبول خبریں