بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں آج سے 27 جنوری تک شدید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

ناران، کاغان، کالام اور چترال میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے


ویب ڈیسک January 25, 2026
جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید دھند ، کئی جگہ حد نگاہ صفر ہوگئی، موٹر وے متعدد جگہ سے بند ، پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول متاثر فوٹو : ایکسپریس

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے شدید بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق 27 جنوری تک دونوں صوبوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ناران، کاغان، کالام اور چترال میں برفباری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے۔ حکام نے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

ادھر بلوچستان میں بھی مزید برفباری اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری متوقع ہے، جبکہ گوادر، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ قلات، سوراب، ژوب، خاران، مستونگ، واشک، نوشکی اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

 

مقبول خبریں