بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر پاکستان نے بنگلہ دیش کی حمایت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تو اس کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سنگین کارروائی کر سکتا ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت کی سرزمین پر کھیلنے سے انکار کرنے والی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو پہلے ہی عالمی کپ سے خارج کرکے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کومیگا ایونٹ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے حالیہ تبصروں سے ناخوش ہے جنہوں نے بنگلہ دیشی موقف کی کھل کر حمایت کی۔ آئی سی سی بورڈ کے حالیہ اجلاس میں پاکستان بنگلہ دیش کے حق میں ووٹ دینے والا واحد رکن ملک تھا۔
رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ آئی سی سی پہلے ہی پاکستان کے موقف کا نوٹس لے چکا ہے اور پاکستان پر سخت پابندیاں عائد کر سکتا ہے جس میں اس کی تمام دو طرفہ سیریز کی معطلی، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) دینے سے انکار اور ایشیا کپ سے اخراج شامل ہے۔