امریکا کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا اور درجہ حرارت منفی 49 تک گر گیا جبکہ 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما اور نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں شدید برفباری، بارش اور سرد ہواؤں کا راج ہے۔
نیویارک کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 49 تک پہنچ گیا اور شدید برفباری کے باعث 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور 40 ریاستوں کے 24 کروڑ افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا کہ یہ کئی برسوں کا سب سے شدید موسم سرما ہے، نیویارک کے مختلف حصوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے اور عوام کو غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن اور گردونواح میں 6 سے 10 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے وفاقی دفاتر بند بند کر دیے گئے جبکہ اسکولوں کو بند کر کے آن لائن کلاسز کا اعلان کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس شدید برفانی طوفان کا اثر اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔