بنوں میں پولیس وین پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، دو دہشتگرد ہلاک

ڈومیل پولیس موبائل وین معمول کے گشت پر تھی جب گھات لگائے دہشتگردوں نے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی


ویب ڈیسک January 26, 2026

ڈیرہ اسماعیل خان:

بنوں میں تھانہ ڈومیل کی حدود میں دہشتگردوں نے ڈومیل پولیس کی موبائل وین کو نشانہ بنایا تاہم پولیس کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

 پولیس کے مطابق واقعہ کمپنی روڈ کے قریب پیش آیا جہاں ڈومیل پولیس موبائل وین معمول کے گشت پر تھی جب گھات لگائے دہشتگردوں نے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران تقریباً بیس منٹ تک شدید جھڑپ جاری رہی جس کے نتیجے میں دو خوارج مارے گئے، اطلاع ملتے ہی پو اے پی سی، کوئیک رسپانس فورس اور ریپڈ رسپانس فورس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

 پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے دو دہشتگردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں قانونی کارروائی کے لیے کے جی این اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

دریں اثنا پولیس نے بنوں میں تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پانچ کلو وزنی بم بھی برآمد کر کر لیا، سلنڈر میں نصب پانچ کلو وزنی بارودی مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔

 

مقبول خبریں