امریکا کی ایموری یونیورسٹی نے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کی بیٹی فاطمہ اردشیر لاریجانی کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فاطمہ لاریجانی ایموری یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول سے وابستہ تھیں۔
رپورٹ کے مطابق فاطمہ اردشیر لاریجانی یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں اور ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی کے مضامین پڑھا رہی تھیں۔
ایموری یونیورسٹی کے ون شپ کینسر انسٹی ٹیوٹ نے تصدیق کی ہے کہ فاطمہ لاریجانی اب ادارے کی ملازم نہیں رہیں، تاہم اس فیصلے کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ارل کارٹر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک خط ارسال کیا تھا، جس میں فاطمہ لاریجانی کو ملازمت سے برطرف کرنے اور ان کا میڈیکل لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس پیش رفت کے بعد یونیورسٹی کی جانب سے یہ اقدام سامنے آیا ہے۔