فلپائن میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک

فلپائن کوسٹ گارڈ کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران 316 مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے


ویب ڈیسک January 26, 2026

جنوبی فلپائن کے ساحلی علاقے میں ایک مسافر کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ درجنوں افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

فلپائن کوسٹ گارڈ کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران 316 مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم بعض افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں مجموعی طور پر 332 مسافر اور عملے کے 27 اہلکار سوار تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے، جس کے باعث کشتی کا توازن بگڑا اور وہ سمندر میں ڈوب گئی۔

واقعے کے فوراً بعد فلپائن کوسٹ گارڈ اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور سرچ و ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

مقبول خبریں