کراچی:
اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں پولیس اہلکار کو زخمی کیے جانے کا واقعہ پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں موجود 2 ڈاکو شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ اسی دوران پولیس اہل کار محمد اویس موٹر سائیکل پر گلی سے گزرا۔
فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس اہل کار اویس کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی اور اس دوران اس کی پولیس جیکٹ بھی چھین لی۔ واقعے کے دوران ڈاکوؤں نے محمد اویس کے سینے پر گولی ماری اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمی پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ویسٹ کی جانب سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاہم تحقیقاتی کمیٹی واقعے سے متعلق اب تک کوئی پیشرفت حاصل نہیں کر سکی ہے۔