بنگلا دیش کی کرکٹ ویور شپ 10 ممالک کے برابر، محمد یوسف کی آئی سی سی کے فیصلے پر تنقید

بنگلادیش جیسے ملک کے جائز سیکیورٹی خدشات کو نظرانداز کرنا ناقص گورننس اور دوہرے معیار کی علامت ہے


ویب ڈیسک January 27, 2026

پاکستان کے سابق کرکٹر محمد یوسف نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026  میں بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کے آئی سی سی کے فیصلے پر شدید تنقید کی۔

محمد یوسف نے اپنے  ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ بنگلادیش کی کرکٹ ویورشپ  دس ممالک کی مجموعی ویورشپ کے برابر ہے لیکن آئی سی سی نے اس ملک کو ورلڈ کپ سے نکال کر انصاف اور تسلسل کے اصولوں پر سوالات کھڑے کیے ہیں۔

محمد یوسف  نے لکھا کہ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، اسکاٹ لینڈ، نیپال، نیدرلینڈز، آئرلینڈ، نمیبیا، زمبابوے، سری لنکا اور افغانستان جیسے دس ممالک کی  ویورشپ تقریباً 178 ملین ہے جبکہ بنگلادیش اکیلے کی 176 ملین ہے۔

محمد یوسف نے کہا کہ ایک ایسا کھیل جو عالمی ناظرین پر مبنی ہے، اس میں بنگلادیش جیسے ملک کے جائز سیکیورٹی خدشات کو نظرانداز کرنا ناقص گورننس اور دوہرے معیار کی علامت ہے۔

 اُن کا کہنا تھا کہ جب سہولیات منتخب بنیادوں پر فراہم کی جائیں تو انصاف ختم ہو جاتا ہے اور کرکٹ کو اثر و رسوخ کی بنیاد پر نہیں بلکہ اصولوں کے تحت چلایا جانا چاہیے۔

یہ تنازع اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب بنگلادیش نے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز میں حصہ لینے سے انکار کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی آئی سی سی کے فیصلے کو دوہرے معیار کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ممکنہ طور پر بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے یا ورلڈ کپ بائیکاٹ جیسے آپشنز پر غور کرنے کی بات کی ہے۔

 پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بنگلادیش کے موقف کے ساتھ ہے اور وہ کرکٹ کے اصولوں کا احترام کرتے ہیں۔

مقبول خبریں