کراچی:
فیڈرل بی صنعتی ایریا پولیس نے لفٹر ڈرائیور کی مدعیت میں خود کو آغا سراج درانی کا بھانجا کہنے والے کار سوار کے خلاف جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا مقدمہ درج کرلیا۔
کار سوار کی جانب سے لفٹر ڈرائیور کو اسلحے کے زور پر جھگڑا اور دھمکیاں دینے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ ٹراؤزر اور ٹی شرٹ پہنے ہوئے ایک مسلح شخص کو لفٹر ڈرائیور سے جھگڑا اور اسلحہ تانے ہوئے دکھائی دیا جبکہ لفٹر کے آگے ایک سفید رنگ کی کار بھی کھڑی ہوئی دکھائی۔
ایس ایچ او فیڈرل بی صنعتی ایریا آفتاب عباسی نے اس حوالے سے بتایا کہ واقعہ 25 جنوری کی شام پیش آیا تھا جس کا مقدمہ نمبر 22 سال 2026 بجرم 506 بی کے تحت پولیس نے گزشتہ روز لفٹر ڈرائیور علی رضا کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف درج کرلیا۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ راشد منہاس روڈ پر قائم ایک شاپنگ مال میں لفٹر چلاتا ہے اور 25 جنوری کو حسب معمول لفٹر لیکر شاپنگ مال جا رہا تھا کہ شام سوا پانچ بجے کے قریب شاپنگ مال کے کنسٹرکشن گیٹ کے سامنے سفید رنگ کی کا سی اے ٹی 607 میرے لفٹر کے سامنے کھڑی تھی جس پر میں کار سوار سے کہا کہ اپنی گاڑی آگے کر دیں مجھے اندر جانا ہے۔
مدعی کے مطابق اس بات پر کار سوار شخص اپنی گاڑی سے اتر نیچے آیا اور مجھے گالم گلوچ کرتے ہوئے ٹی ٹی پستول لوڈ کر کے مجھ پر جان سے مارنے کی نیت تان دی اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے مجھے لفٹر سے نیچے کھینچ لیا اور کہنے لگا کہ تم مجھے نہیں جانتے خشحال درانی نام ہے میرا اور مجھے دھمکیاں دیتا رہا کہ میں آغا سراج درانی بھانجا ہوں تمھارے ساتھ دیکھ لونگا۔
مدعی کے مطابق میں خوفزدہ ہوگیا تھا اس واقعے کو شاپنگ مال کی انتظامیہ نے بھی دیکھا لہذا اب میں رپورٹ درج کرانے آیا ہوں میرا دعویٰ کار نمبر بالا میں سوار شخص خوشحال درانی پر مجھے اسلحہ تان کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا ہے لہذا کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس نے مدعی کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جو اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔