لاہور:
لاہور میں بچوں کے حقوق کے عالمی ادارے یونیسف کے سامان کی چوری کا پردہ فاش کرتے ہوئے شادباغ پولیس نے بروقت کارروائی کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا تھا جس پر پولیس نے کامیاب ریڈ کرکے عالمی ادارے کا چوری شدہ سامان برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا امدادی سامان برآمد ہوا جس میں کمبل، صابن، پلاسٹک کین، بورنگ میٹریل اور دیگر اہم آلات شامل ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او شادباغ زاہد حسین اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان کی چوری جیسے جرائم ملکی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، جن پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واردات میں ملوث دیگر کرداروں کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔