لاہور:
پاکستان کیخلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں شرکت کیلئے سترہ رکنی آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا۔
آسٹریلوی ٹیم کا دوسرا گروپ آج رات لاہور پہنچے گا، کپتان مچل مارش اور جوش انگلس بگ بیش لیگ کافائنل کھیلنے کے سبب پہلے میچ میں ریسٹ کریں گے، پہلے میچ میں ٹریوس ہیڈ کو کپتانی سونپی جاسکتی ہے۔
مچل مارش کی زیر قیادت آسٹریلوی کرکٹ ٹیم جمعرات کو پاکستان کیخلاف پہلا ٹی 20 کھیلے گی، دوسری جانب میزبان سائیڈ کی تیاریاں تیسرے روز بھی قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہیں۔
پاکستان سے تین ٹی 20 میچز کی سیریز کیلیے آسٹریلوی اسکواڈ میں پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، میکسویل سمیت 5 اسٹارز شامل نہیں، یہ تمام ورلڈ کپ کیلیے بھی منتخب ہوئے ہیں۔
مہمان پلیئرز کسی پریکٹس سیشن کے بغیر جمعرات کو پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی، دونوں کپتان بدھ کی دوپہر ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کریں گے۔
تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جہاں شائقین کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، میچز کے کامیاب انعقاد کیلیے انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی و دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ادھر پاکستان ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں جاری کیمپ کے تیسرے روز بھی بھرپور ٹریننگ کی، کھلاڑیوں نے وارم اپ سیشن کے بعد نیٹ پریکٹس اورفیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لیا۔
کوچنگ اسٹاف کی جانب سے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے مختلف پہلوئوں پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ ٹیم ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار رہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں سیریز کے حوالے سے خاصا اعتماد دیکھا جا رہا ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف یہ سیریز موجودہ کمبی نیشن کو آزمانے کا بہترین موقع فراہم کرے گی، پاک آسٹریلیا سیریز کو دونوں ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ کی تیاری کا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
اگرچہ آسٹریلوی ٹیم اپنے کئی اہم کھلاڑیوں کے ساتھ نہیں آ رہی تاہم ان کے پاس اب بھی تجربہ کار اور باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم ہوم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔