بھارتیوں سے عزت کی توقع نہیں، احمد علی بٹ کی جاوید اختر پر تنقید

ہم نے انہیں عزت دی لیکن انہوں نے پاکستان مخالفت میں بہت کچھ کیا، اداکار


ویب ڈیسک January 29, 2026

پاکستان کے نامور اداکار وکامیڈین احمد علی بٹ نے بھارتی مصنف وشاعر جاوید اختر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ بھارتیوں سے عزت کی توقع نہیں کرسکتے۔ 

احمد علی بٹ پاکستان کے معروف ٹیلی وژن اور فلمی فنکار ہیں، جو بے شمار صلاحیتوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ’جٹ اینڈ بانڈ‘ اور ’انسپکٹر کھوجی‘ جیسے سِٹ کامز سے کیا، بعد ازاں وہ بینڈ ’ای پی‘ کے ساتھ گلوکاری میں بھی متحرک رہے۔

آج احمد علی بٹ ایک بہترین اداکار اور میزبان کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، ان کے مقبول ڈراموں میں ’جینٹل مین‘ اور ’جھوٹی‘ شامل ہیں، جب کہ وہ ‘جوانی پھر نہیں آنی‘ ، ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اور ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ جیسی کامیاب فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں۔ 

ان دنوں وہ باقاعدگی سے اپنے پوڈکاسٹ کرنے میں مصروف ہیں، جہاں وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر وائرل اور متنازع موضوعات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

حال ہی میں احمد علی بٹ نے اپنے پوڈکاسٹ میں بھارتی اداکار جاوید اختر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان بھارتی فنکاروں میں شامل ہیں جو اپنی قدر و وقار کھوچکے ہیں۔

احمد علی بٹ نے کہا کہ ایک اور بھارتی فنکار جو اپنی عزت کھو چکا ہے وہ جاوید اختر ہے، اب مجھے لگتا ہے کہ وہ فن کے لیے ایک داغ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جاوید اختر پچھلے سال پاکستان آئے تھے، ہم نے ان کی بہت عزت کی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے پاکستان کے خلاف بہت کچھ کہا۔

اداکار نے کہا کہ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ آپ بھارتیوں سے عزت کی توقع نہیں کر سکتے، اور وہ ہماری عزت کے مستحق بھی نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک پُرسکون انسان ہوں، لیکن جب آپ کسی کو اتنی عزت دیں اور وہ اس کے جواب میں نفرت دے، تو پھر وہ اس ٹرولنگ کا مستحق ہوتا ہے۔

 

مقبول خبریں