برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع سینٹ پالز کیتھیڈرل میں منعقدہ ایک قدیم اور روایتی تقریب کے دوران سارہ مولی کو باضابطہ طور پر چرچ آف انگلینڈ کی پہلی خاتون آرچ بشپ آف کینٹربری مقرر کر دیا گیا۔
اس موقع پر ہونے والی تقریب کو “کنفرمیشن آف الیکشن” کہا جاتا ہے، جو ایک قانونی اور مذہبی رسم ہے، جس کے بعد آرچ بشپ اپنے عہدے کا باقاعدہ طور پر چارج سنبھالتا ہے۔ اس تقریب کے دوران سارہ مولی نے بادشاہ چارلس کے نمائندے کی حیثیت سے موجود سینئر بشپ کے سامنے وفاداری کا حلف اٹھایا۔
سارہ مولی چرچ آف انگلینڈ کی 106ویں آرچ بشپ ہیں اور وہ دنیا بھر کے 165 ممالک میں موجود تقریباً 8 کروڑ 50 لاکھ اینگلیکن مسیحیوں کی روحانی سربراہ بھی ہوں گی۔
تقریب میں چرچ آف انگلینڈ اور عالمی اینگلیکن کمیونین سے تعلق رکھنے والے بشپ، پادری، مقامی اسکول کے بچے اور مختلف گلوکار گروپس شریک ہوئے۔ عبادت میں مختلف ثقافتوں کی عکاسی کی گئی، جس میں انگریزی اور پرتگالی زبان میں تلاوت، یورپی اور افریقی موسیقی بھی شامل تھی۔
واضح رہے کہ برطانوی بادشاہ 16ویں صدی میں رومن کیتھولک چرچ سے علیحدگی کے بعد سے چرچ آف انگلینڈ کے سپریم گورنر چلے آ رہے ہیں۔