لاہور: سیوریج لائن میں ماں بیٹی کے گرنے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

متاثرہ خاتون، بچی اور شوہر کو6:47 پر داتا دربار کے قریب شاپنگ کرتے دیکھاگیا


ویب ڈیسک January 29, 2026

لاہور میں گزشتہ روز داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں ماں بیٹی کے گرنے کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ متاثرہ خاتون، بچی اور شوہر کو6:47 پر داتا دربار کے قریب شاپنگ کرتے دیکھاگیا اور تینوں رات 7:22  پر داتا دربار کے سامنے پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق 7:30 پر تینوں داتا دربار سے پرانی پرندہ مارکیٹ کی جانب جاتے دکھائی دیے اور پھر 7:32 پر ریسکیو 1122 کو خاتون اور بچی کے گرنے کی کال آئی جس کے بعد ریسکیو اہلکار 4 منٹ میں پہنچ گئے۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ خاتون کی ساس کو وہاں شور مچا کر لوگوں کو بلاتے ہوئے دیکھا گیا۔

دوسری جانب  ریسکیو 1122 کے افسر فاروق امجد کے اپنے کسی افسر کو بھیجے گئے آڈیو میسج نے معاملے کو الجھایا۔

آڈیو میسج میں فاروق امجد نے کہا کہ میں نے اپنے طور پر تحقیقات کی ہیں، لڑکی کے والد سے بات ہوئی، وہ مشکوک ہے اس کا والد بھی مشکوک ہے، سارا معاملہ میرے سامنے آیا تو میں بھی آپ کی طرح مشکوک ہوں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ کال فیک ہے لیکن آپ کی طرح میں مشکوک ہوں۔

آڈیو میسج کے مطابق ریسکیو 1122 پوری رات ریسکیو آپریشن کرتی رہی ہے اور اس وقت تک آپریشن نہیں چھوڑتے جب تک تحقیقاتی ادارے بتا نہ دیں کہ یہ جھوٹ ہے۔

ریسکیو افسر نے کہا کہ  وہاں کے حالات بتا رہے ہیں کہ ایسے واقعہ کا چانس لگ نہیں رہا مگر ہم نہیں کہہ سکتے کہ فیک کال ہے جب تک درست تحقیقات نہ آجائیں کہ یہ فیک کال ہے۔

اس آڈیو میسج پر سیکرٹری ریسکیو رضوان نصیر نے کہا کہ یہ میسج کیوں اور کس کو بھیجا گیا اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

 

مقبول خبریں