لاہور:
پنجاب میں 2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کے اہل خانہ کے گھروں کی تعمیر کے لیے مالی امداد میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رواں سال 2017ء سے قبل کے شہدا کی فیملیز کے لیے 200 نئے گھروں کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ شہداء کی فیملیز کے گھروں کی تعیمر کے لیے قائم انڈومنٹ فنڈ میں 500 ملین روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آئی جی پنجاب نے تقریب میں پولیس شہدا کے اہلخانہ میں گھروں کی تعمیر کے لیے مزید ایک کروڑ 30 لاکھ روپے تقسیم کیے، 26 شہداء کے اہل خانہ کو 05 لاکھ روپے فی کس چیک کی صورت میں ادا کیے گئے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے شہداء پیکج میں خاطر خواہ اضافے پر انتہائی مشکور ہیں، 2017ء سے قبل کے 737 پولیس شہداء کے اہلخانہ کو پلاٹس فراہم کیے جا چکے ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے اپنے وسائل سے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے فراہم کر چکی ہے، 22 شہداء کی فیملیز پنجاب پولیس کے انڈومنٹ فنڈ سے تعمیر شدہ گھروں میں رہائش بھی اختیار کر چکی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس شہدا ہمارا فخر، انکی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔ شہدا کے بچوں کو اعلی تعلیم کیلئے فارن اسکالرشپس، بہترین تعلیم کیلئے معروف تعلیمی اداروں سے معاہدے کیے۔
ایڈیشنل آئی جی پنجاب عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ذیشان اصغر، اے آئی جی ویلفیئر ناصر علی باجوہ سمیت سینئر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔