بھاٹی گیٹ واقعہ، وزیراطلاعات پنجاب نے متاثرہ خاندان سے معافی مانگ لی

وزیراطلاعات پنجاب نے واقعے کو فیک نیوز قرار دیا تھا


ویب ڈیسک January 29, 2026

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھاٹی گیٹ واقعے پر متاثرہ خاندان سے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز داتا دربار کے مرکزی دروازے بھاٹی گیٹ کے قریب سعدیہ نامی خاتون اپنی 9 ماہ کی شیر خوار بچی کے ساتھ کھلے مین ہول میں گر گئی تھی۔

اس واقعے کے بعد وزیراطلاعات و پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیان جاری کیا اور کہا تھا کہ ریسکیو رضاکاروں نے کام کرلیا ہے جس میں واقعے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

انہوں نے اس واقعے کو فیک نیوز قرار دیا تھا تاہم اہل خانہ کے احتجاج پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لے کر ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی تو تین کلومیٹر دور سے سعدیہ نامی خاتون  اور بچی کی لاش کئی گھنٹوں کے بعد برآمد ہوئی۔

سانحے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عظمیٰ بخاری کی کوئی غلطی نہیں کیونکہ انہیں وہی اطلاع دی جارہی تھی جو ہمیں بھی ملی اور انہوں نے اُسی کو آگے بیان کیا۔

اس افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہوں ۔
میں ذاتی طور پر بھی بہت شرمندہ اور معافی کی طلبگار ہوں انتظامیہ جو بتا رہی تھی وہ مجھے شئیر کرنا پڑا،استعفی کے لئے بھی تیار تھی لیکن وزیر اعلی کا حکم تھا کہ میری غلطی نہیں ہے،اللہ پاک سب کی حفاظت فرمائے آمین۔عظمی بخاری وزیر… pic.twitter.com/n2CcbkRBEf

— Arif Malik (@arifawan779) January 29, 2026

اب عظمیٰ بخاری نے واقعے پر افسوس اور ندامت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے معافی مانگ لی اور کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب، اپنی اور پوری حکومت کی طرف سے متاثرہ خاندان سے معافی مانگتی ہوں اور ہم اس پر نادم بھی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہوں اور معافی کی طلبگار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ استعفی کے لئے بھی تیار تھی لیکن وزیر اعلی کا حکم تھا کہ میری غلطی نہیں ہے، اللہ پاک سب کی حفاظت فرمائے آمین۔

مقبول خبریں