کراچی:
پریڈی کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکو الیکٹرونکس کی دکان کے ملازمین سے 80 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق الیکٹرونکس شاپ کے 2 ملازمین صدر میں قائم نجی بینک سے نقدی نکلوا کر جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو صدر زیب النسا اسٹریٹ جیولرز کی دکان کے قریب اسلحے کے زور پر ان سے 80 لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔
قائم قام ایس ایچ او پریڈی شاہ فیصل نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ دکان کے ملازم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
آئی جی سندھ نے رپورٹ طلب کرلی
آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے صدر زیب النسا اسٹریٹ میں تاجر سے 80 لاکھ کی ڈکیتی کے واقعے پر کراچی پولیس چیف آزاد خان سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ تمام تر وسائل بروئے کار لانے اور متاثرہ تاجر کے بیان کی روشنی میں واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔