امریکا نے سعودی عرب کو مجموعی طور پر تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ میزائلز کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب کو جدید پیٹریاٹ کیپیبلٹی میزائلز کے ساتھ متعلقہ آلات اور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور خطے میں سلامتی کے توازن کو برقرار رکھنا ہے۔
یہ منظوری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ اس سے قبل امریکا نے اسرائیل کو بھی 6.5 ارب ڈالر کے فوجی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اسرائیل کو فراہم کیے جانے والے فوجی سازوسامان میں 3.8 ارب ڈالر مالیت کے اپاچی ہیلی کاپٹر اور 1.98 ارب ڈالر کی لائٹ وہیکلز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسرائیل کو نیمر آرمڈ پرسنل کیریئر کے پاور پیکس، لاجسٹک سپورٹ اور دیگر دفاعی آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق امریکا کی جانب سے سعودی عرب اور اسرائیل کو بڑے پیمانے پر فوجی سازوسامان کی فروخت خطے میں سکیورٹی صورتحال اور امریکی اسٹریٹجک مفادات کی عکاس ہے۔