پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ایک اور شاندار سنگِ میل اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے بطور کپتان تیز ترین نصف سنچری بنانے والوں کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سلمان علی آغا نے 25 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جو پاکستان کے کسی بھی کپتان کی جانب سے دوسری تیز ترین ففٹی ہے۔ یہ کارنامہ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران انجام دیا۔
اس فہرست میں پہلی پوزیشن سابق کپتان محمد حفیظ کے پاس ہے، جنہوں نے 2012 میں احمد آباد میں بھارت کے خلاف 23 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔
بابر اعظم دو مرتبہ 27 گیندوں پر نصف سنچری بنا چکے ہیں، ایک بار زمبابوے کے خلاف راولپنڈی (2020) اور دوسری بار جنوبی افریقہ کے خلاف سینچورین (2021) میں۔
اس کے علاوہ سابق کپتان شعیب ملک نے 2007 میں سری لنکا کے خلاف جوہانسبرگ میں 27 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔
سلمان علی آغا کی یہ جارحانہ اننگز نہ صرف ان کی بہترین فارم کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتی ہے کہ وہ قیادت کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی ٹیم کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔