پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے آج اہم فیصلہ متوقع ہے، جس کا اعلان وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے حتمی فیصلے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ کٹ کی رونمائی کی تقریب گزشتہ روز اچانک منسوخ کر دی گئی تھی، جس کے بعد ٹیم کی شرکت کے حوالے سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
پاکستان کو ورلڈ کپ کے گروپ اے میں بھارت، نیدر لینڈ، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق پاکستان کا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈ کے خلاف شیڈول ہے جبکہ پاک بھارت بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے، جس کے بعد ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے اہم اعلان کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی شرکت کا فیصلہ ہو جاتا ہے تو ٹیم کٹ کی رونمائی بھی جلد کی جائے گی۔ تاہم، ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں پی سی بی نے پلان بی بھی تیار کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق پلان بی کے تحت پاکستان، پاکستان شاہینز اور انڈر 18 ٹیموں کا متبادل ٹورنامنٹ لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔