سہ روزہ انسداد پولیو مہم 18 اگست سے شروع کرنے کا اعلان

46 یونین کونسل کے 5 لاکھ بچوں کو حفاظتی خوراک پلائی جائیگی، مہم کے دوران موثر سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی، رضاکار


Staff Reporter August 16, 2014
46 یونین کونسل کے 5 لاکھ بچوں کو حفاظتی خوراک پلائی جائیگی، مہم کے دوران موثر سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی، رضاکار فوٹو: فائل

کراچی میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم 18 اگست سے شروع کی جائیگی جو 20 اگست تک جاری رہے گی کراچی میں یہ مہم 46 یونین کونسلوں میں شروع کی جارہی ہے جس میں گڈاپ ٹاؤن، بلدیہ، سائٹ، گلشن اقبال، بن قاسم ٹاؤن، کیماڑی، لانڈھی، اورنگی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، کورنگی سمیت دیگر یوسیز شامل ہیں۔

رضاکاروں کا کہنا ہے کہ پولیومہم سیکیورٹی ملنے پر شروع کی جائیگی، رضا کاروں کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے پولیومہم مکمل نہیں کی جاتی، متعلقہ حکام اپنی مرضی سے رضاکاروں کو پولیس سیکیورٹی فراہم کرتے ہیں اور رضاکاروں کو جلد مہم ختم کرنے پر دباؤ بھی ڈالتے ہیں، واضح رہے کہ ملک بھر میں امسال مجموعی طور پر 112 بچے پولیو وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جس کی تصدیق متعلقہ حکام نے بھی کی ہے کراچی سمیت صوبے سندھ میں امسال 10 بچے پولیو سے متاثر ہوچکے ہیں، زیادہ تربچوں کا تعلق شمالی وزیرستان سے بتایا گیا ہے۔

ای پی آئی کے ذرائع کے مطابق بلدیہ میں ایک، اورنگی ایک، گڈاپ 4، سائٹ ٹاؤن ایک، لانڈھی ایک، نارتھ کراچی ایک اور ایک کیس سانگھڑکا رپورٹ ہوا ،اس طرح کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال پولیوکیسوںکی تعداد10 اورملک بھر میں 112 ہوگئی ہے، ای پی آئی کے صوبائی مینجر ڈاکٹر مظہر خمیسانی اورای ڈی او ہیلتھ کراچی ڈاکٹر ظفراعجاز کے مطابق کراچی کی 46 یونین کونسلوں میں 18 اگست سے سہہ روزہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں پولیو رضاکاروں کی ٹمیں گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کی خوراک پلائی گی۔

اس سلسلے میں حکومت نے پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلیے ضلعی انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی ہے، ادھر پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کراچی میں پولیو وائرس کے خطرات موجود ہیں لہذا والدین بچوں کو پولیو سمیت دیگر وائرل بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلیے والدین بچوں کو حفاظتی ٹیکے جات کا کورس مکمل کرائیں بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کورس کرانا والدین کا بنیادی فرض اور بچوں کو حق ہے۔