شہرقائد میں ہیوی ٹریفک کے باعث حادثات تھم نہ سکے ، کورنگی میں 2 مختلف واقعات میں آئل ٹینکراور واٹرٹینکر نے 2 کمسن بچی اور بچے کو کچل دیاجس کے نتیجے میں دونوں بچے جاں بحق ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق پیرکی صبح زمان ٹاؤن تھانے کےعلاقےکورنگی کراسنگ کے قریب آئل ٹینکر نےموٹرسائیکل کوٹکرماردی جس کے باعث موٹرسائیکل سوارایک کمسن بچی جاں بحق اورایک کمسن بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق بچی کی شناخت ساڑھے تین سالہ سائرہ دختر شاہد خان کے نام سے کی گئی زخمیوں میں ایک سالہ سبحان،18سالہ راج محمد شامل ہے، متوفیہ بچی کورنگی اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی تھی۔
حادثے میں جاں بحق بچی کا والد کراچی میں محنت مزدوری کرتا ہے آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے متوفیہ کمسن بچی اپنے چچا راج محمد اورایک سالہ بھائی سبحان کے ساتھ جوس خریدنے جارہی تھی۔
کورنگی کراسنگ کے قریب تیزرفتارآئل ٹینکرنے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ساہرہ موقع پر جاں بحق، بھائی،چچا زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد آئل ٹینکرکے ڈرائیور موقع پر سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ شہریوں نے ڈرائیور کو پکڑکرزمان ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا جبکہ پولیس نے ٹینکرتحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا جہاں گرفتار ڈرائیور کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا نرہی ہے۔
حادثے میں جاں بحق بچی کی لاش اسپتال سے ضابطے کی کارروائی کے بعد وارثوں کے حوالے کردی گئی، متوفیہ کمسن بچی کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتارآئل ٹینکرکے ڈرائیور کے خلاف سخت سے سخت سزا دی جائے اور اسے چھوڑا نہ جائے۔
زمان ٹاؤن تھانے کے علاقےکورنگی سوکوارٹر پاسبان چوک کے ٹریفک حادثے میں گھر کے باہر کھیلتا ہوا کمسن بچہ شدید زخمی ہوگیاجسے فوری طورپرجناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمی بچہ دوران علاج دم توڑگیا۔
متوفی بچے کی شناخت4 سالہ وسیم ولد قاسم کے نام سے کی گئی، ایس ایچ اوزمان ٹاؤن ایاز خان نے بتایاکہ پولیس کی متوفی بچے کے ماموں سے بات ہوئی ہے اورانھوں نے پولیس کو بتایا کہ حادثہ واٹر ٹینکرکی ٹکر سے باعث پیش آیا ہے۔