کوئٹہ ایکسپو سینٹر کی تعمیر میں تاخیر سے منصوبے کی لاگت میں دگنے اضافے کا انکشاف

منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 2.4 ارب روپے تھا مگر اب یہ اضافے کے بعد 4.8 ارب روپے سے زیادہ ہوگئی


ویب ڈیسک February 23, 2026

کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر کے تعمیری منصوبے میں تاخیر کے باعث اب لاگت بڑھ کر 4.8 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا محمد جاوید حنیف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کوئٹہ ایکسپو سینٹر کی تعمیری لاگت میں دوگنا اضافے کا انکشاف ہوا۔

وزارت تجارت کے حکام نے بتایا کہ 2019 میں منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 2.4 ارب روپے تھا،  منصوبے کی نظرثانی لاگت بڑھ کر 4.8 ارب روپے سے زیادہ ہوگئی ہے۔

کمیٹی نے منصوبے پر عمل درآمد میں تاخیر اور لاگت میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے لاگت میں اضافے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے رپورٹ مانگ لی۔

رکن کمیٹی اسد عالم نیازی نے کہا کہ یہ منصوبہ نوگو ایریا میں بنایا جارہا ہے، کاروباری طبقہ وہاں جانے کو تیار نہیں۔

وزارت تجارت نے وضاحت کی کہ منصوبہ کوئٹہ ایسٹرن بائی پاس سبی روڈ پر تعمیر کیا جارہا ہے، بلوچستان میں دو گروپس میں تنازع کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے منظوری میں تاخیر بھی لاگت بڑھنے کی وجہ بنی۔ منصوبے کیلیے وزارت تجارت نے اگلے مالی سال منصوبے کیلئے تین ارب روہے مانگ لیے۔

وزارت تجارت نے کہا کہ منصوبے کی فزیبلٹی اور زمین کی خریداری سمیت اب تک ایک ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، نئے مالی سال بجٹ سیلنگ دیکھ کر فنڈز کا تعین کیا جائے گا۔

وزارت منصوبہ بندی نے بتایا کہ اس سال 781 ترقیاتی منصوبوں کیلئے صرف ایک ہزار ارب روپے رکھے گئے ہیں، آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت پر صوبائی نوعیت کے منصوبوں پر پابندی لگا رکھی ہے۔

کمیٹی نے وزارت منصوبہ بندی سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔


 

مقبول خبریں