امیر قطر کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچ گئے

وزیراعظم امیر قطر سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں اقتصادی تعاون، توانائی کی شراکت داری پر تعاون بڑھانے پر بات ہوگی


ویب ڈیسک February 23, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

وزیراعظم محمد شہباز شریف امیر قطر  شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اسلام آباد سے دوحہ پہنچے جہاں کنگ حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت، وزارت خارجہ امور ڈاکٹر محمد بن عبد العزیز الخلیفی،  قطر میں تعینات پاکستانی سفیر محمد عامر اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔ 

اپنے دورۂ قطر کے دوران وزیراعظم امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں اقتصادی تعاون، توانائی کی شراکت داری، اور عوام سے عوام کے تبادلوں کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بات چیت ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق دونوں فریق تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد کے شعبوں میں اشتراک کو مزید آگے بڑھانے کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

مقبول خبریں