کراچی میں ایک بچی اور ایک بزرگ ریبیز کے باعث انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی کے فلاحی اسپتال میں میرپورخاص سے لائی گئی بچی دم توڑ گئی۔متاثرہ بچی کو تقریباً دو ماہ قبل کتے نے چہرے پر کاٹا تھا اور چار روز قبل متاثرہ بچی میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوئیں۔
سگ گزیدگی کے بعد بچی کو کوئی طبی امداد یا ویکسین نہیں لگوائی گئی تھی۔ بچی میں چار روز قبل بخار، بے چینی اور چڑچڑاپن کی علامات ظاہر ہوئیں۔
بچی میں پانی اور ہوا سے خوف جیسی شدید علامات بھی سامنے آئیں، تشویشناک حالت میں کورنگی کے فلاحی اسپتال منتقل کیا گیا مگر بچی کی جان نہ بچائی جا سکی۔
دوسری جانب کراچی کے جناح اسپتال میں گزشتہ روز داخل ہونے والے ریبیز سے متاثرہ بزرگ انتقال کر گئے۔ 75 سالہ نعمت گل کا تعلق لیاری سے تھا۔ بزرگ مریض کو تین ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا۔
سگ گزیدگی کے بعد متاثرہ فرد کو نہ کوئی طبی امداد دی گئی اور نہ ہی اینٹی ریبیز ویکسین لگوائی۔
علامات ظاہر ہونے کے بعد مریض کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ گزشتہ رات دم توڑ گئے۔