کوہاٹ: پولیس وین پر حملے میں ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار شہید، متعدد زخمی

حملے میں پولیس وین میں موجود 2 ملزمان بھی مارے گئے


ویب ڈیسک February 24, 2026

کوہاٹ:

کوہاٹ میں پولیس وین پر حملے میں ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار شہید اور دو زیر حراست ملزمان ہلاک ہوگئے۔

ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق نواحی علاقے شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی لاچی سمیت 5 اہلکار شہید اور تین اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم ایک زیرِ حراست ملزمان کو لیکر جا رہی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا، پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے میں دو زیرِ حراست ملزمان بھی جان کی بازی ہار گئے۔

شہداء میں انسپکٹر انارگل خان، ایک گن مین، ریڈر اور ڈرائیور شامل ہیں۔ متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی اور فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ کوہاٹ سے اضافی پولیس نفری بھی متاثرہ علاقے میں بھجوا دی گئی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ کے علاقے میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہید ڈی ایس پی اسد محمود اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پولیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف پہلی دفاعی لکیر ہے جس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

مقبول خبریں