اس سال نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو 3 لاکھ 75 ہزار بچوں کی درخواستیں موصول 

سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کا اجلاس سینیٹر کامران مرتضیٰ کی زیر صدارت ہوا


ویب ڈیسک February 25, 2026

سینیٹ کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم و تربیت کا اجلاس سینیٹر کامران مرتضیٰ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر جان نے گزشتہ پانچ سالہ کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ نیوٹیک میں بچوں کو مفت فنی تعلیم کے ساتھ وظیفہ دیا جاتا ہے، جبکہ مدرسوں کے بچوں کو دس ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے اور سالانہ دو ہزار بچوں کو مدرسوں میں فنی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کا نیا پروگرام سندھ میں شروع کر دیا گیا ہے۔

کمیٹی اجلاس میں رکن نے سوال اٹھایا کہ 60 ہزار ٹریننگ کی اجازت کے باوجود 72 ہزار ٹریننگز کیسے کی گئیں، جس پر ای ڈی نیوٹیک نے جواب دیا کہ بہتر مینجمنٹ کے ذریعے مزید بچوں کو تربیت دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی جانب سے تین لاکھ ٹریننگز کا ہدف دیا گیا ہے، جبکہ اس سال تین لاکھ پچھتر ہزار بچوں نے ٹریننگ کے لیے درخواست دی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے مطابق Huawei کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، جس کے تحت بچوں کو ٹریننگ دی جا رہی ہے اور چالیس فیصد ادائیگی ملازمت ملنے پر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوٹیک کا براہِ راست روزگار دلانے میں کردار نہیں، ہم صرف ملازمت کی کنفرمیشن کرتے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 2024 کی ٹریننگز میں 53 فیصد ملازمت کی شرح حاصل ہوئی۔ کنوینئر کمیٹی نے سوالات اٹھائے کہ 2011 سے اب تک کتنے اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی، مختلف اداروں کو کتنی سیٹیں دی گئیں اور بجٹ کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

ای ڈی نیوٹیک نے بتایا کہ ادارے کا 8 ارب روپے کا منصوبہ 2027 تک جاری ہے، مانیٹرنگ گزشتہ سال بھی کرائی گئی اور اس سال بھی کرائی جائے گی، جبکہ پروگرام کے تمام بچوں کی تفصیلات نیوٹیک کے پاس موجود ہیں۔

مقبول خبریں