فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں نے خواتین و بچوں سمیت بلوچ خاندان  کو قتل کرکے جلا دیا

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے


ویب ڈیسک February 25, 2026

فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے خواتین و بچوں سمیت بلوچ خاندان کو قتل کرکے جلا دیا۔

تحصیل بلیدہ کے علاقے میناز میں ایک گھر پر مارٹر گولہ اور فائرنگ سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے خواتین و بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں کمسن بچے بھی شامل ہیں  جب کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

بولیدہ میناز میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے میں فتنۃ الہندوستان کے مسلح دہشتگردوں کی جانب سے ایک بلوچ خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے دوران بچوں اور خواتین سمیت 6 بے گناہ افراد کو قتل کیا گیا اور گھر کو مکینوں سمیت آگ لگا دی گئی۔

انسانیت سوز واقعہ کوئی جدوجہد نہیں بلکہ کھلی درندگی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشتگرد عناصر نہ بلوچ روایات کا احترام کرتے ہیں اور نہ انسانی اقدار کا۔ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا کسی نظریے کی علامت نہیں بلکہ بزدلی اور شکست خوردہ ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔

اس حوالے سے سوال اٹھتا ہے کہ کیا نہتے شہریوں کو زندہ جلانا، خوف پھیلانا اور گھروں کو قبرستان بنانا ہی فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کا ایجنڈا ہے۔ ایسے عناصر کو بلوچ شناخت کے بجائے بلوچ دشمنی کا علمبردار قرار دیا گیا ہے، جو اپنی سرزمین کے بیٹوں اور بیٹیوں کو آگ میں جھونک دیں وہ کسی کاز کے نمائندہ نہیں ہو سکتے۔

انسانیت کے قاتلوں کو بے نقاب کرنا اور متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کا مطالبہ کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

 

مقبول خبریں