مختلف مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی قیادت کی عدم گرفتاری پر جج کا اظہار برہمی

انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی راہنماوں اور کارکنان کیخلاف 26 نومبراحتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی


ویب ڈیسک February 26, 2026

انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی راہنماوں اور کارکنان کیخلاف 26 نومبراحتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی، انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیسز پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی مختلف مقدمات میں مطلوب قیادت کی عدم گرفتاری پر جج طاہر عباس سپرا نے اظہار برہمی کیا،جج طاہر عباس سپرا  نے کہا کہ 17 ہزار ملزمان ہیں اور ابھی تک 500 کے لگ بھگ ملزمان کا چالان آیا ہے، بس غریب ملزمان کا چالان پیش کردیا گیا اہم ملزمان گھوم پھر رہے ہیں۔

جج طاہر عباس سپرا  نے کہا کہ اشتہاری ملزمان کل بھی ہائیکورٹ میں تھے کبھی سپریم کورٹ ہوتے ہیں انکو گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا، کیا پولیس سلیکٹو لوگوں کا چالان پیش کررہی ہے؟
پولیس ریکارڈ واپس گیا تو کیا پراسکیوشن نے پوچھا ہے؟ کیا پولیس کو نہیں پتا کون کون ان مقدمات میں اشتہاری ہے؟

جج طاہر عباس سپرا  نے کہا کہ کیا پولیس اور انتظامیہ ہماری سوئی پڑی ہے؟ ، المیہ یہ ہے کہ اشتہاری ملزمان سرعام اسلام آباد میں گھوم رہے ہیں، بس سلیکٹو لوگوں کا چالان پیش کرنے سے ہی کام خراب ہونے کی ابتداء ہوتی ہے۔

عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے مقدمہ نمبر 544 میں ایس ایچ او اگلی سماعت پر طلب کرلیا 
کیس کی مزید سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

علیمہ خان کے خلاف مقدمے کی سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن الیکشن پروجیکشن میٹنگ کے باعث وکلا پیش نہ ہوئے۔

مقبول خبریں