کینیڈا میں ایک اور سکھ رہنما کو جان سے مارنے کی دھمکی دیے جانے کا انکشاف

گلوبل نیوز کے مطابق خفیہ اطلاعات میں مونندر سنگھ اور ان کے اہلِ خانہ کو خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے


ویب ڈیسک February 26, 2026

اوٹاوا: کینیڈا میں ایک اور سکھ رہنما کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

کینیڈین پولیس نے سکھ فیڈریشن آف کینیڈا کے سربراہ مونندر سنگھ کو سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عالمی نشریاتی ادارے گلوبل نیوز کے مطابق خفیہ اطلاعات میں مونندر سنگھ اور ان کے اہلِ خانہ کو خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2022 میں مقتول سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے ساتھ بھی مونندر سنگھ کو مبینہ دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

کینیڈین حکام کا مؤقف ہے کہ ملک میں غیر ملکی مداخلت، غلط معلومات کی مہم اور دباؤ ڈالنے کی سرگرمیوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض جرائم پیشہ گروہوں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کی کوششوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

اسی تناظر میں امریکا میں بھی سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے خلاف مبینہ سازش کی تحقیقات کا حوالہ دیا گیا ہے۔ تاہم بھارتی حکومت نے ماضی میں ایسے الزامات کی تردید کی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان واقعات کے باعث کینیڈا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

مقبول خبریں