سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ضلع ژوب میں 25 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک جامع ایریا سینیٹائزیشن آپریشن کیا اور اس دوران 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ کارروائی 24 فروری کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے تسلسل میں کی گئی، جس میں 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ تازہ آپریشن کے دوران فورسز نے متعدد راستوں پر دہشت گردوں کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں مزید 10 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے عناصر علاقے میں متعدد دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے، علاقے میں دیگر ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قومی ایکشن پلان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔