چرچ آف پاکستان کے سربراہ و قومی پیغام امن کمیٹی کے مرکزی رہنما آرچ بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل نے مسیحی روزوں کے دوسرے اتوار کے روز قوم سے پاکستان اور اپنی مسلح افواج سے یکجہتی کے لئے شمعیں روشن کرنے اور دعائیں کرنے کی اپیل کی ہے۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا آج پاکستان کی باوقار قوم اور ہماری دلیر مسلح افواج وطن کی سالمیت اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں امن، استحکام اور علاقائی سالمیت پرپاکستانی قوم کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کی جوابی صلاحیت ہمہ گیر، بروقت اور فیصلہ کن ہے، اور وہ دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزوں کے ایام میں ہمارے پڑوسی ملک کو سوچنا چاہیئے کہ ہم ان ایام کو شرپسندی کی بجائے عبادات میں گزاریں اورخداوند کریم سے حکمت بردباری اور اپنے لئے استحکام و رہنمائی مانگیں۔ دنیا پہلے ہی مایوسیوں بے چینی اور ابتری کا شکار ہے ۔ ہم امن کے شہزادے کے پیروکار ہوتے ہوئے تمام ممالک اور اقوام سے اپیل کرتے ہیں کہ دنیا سے بد امنی اور جارحیت کے خاتمہ کے لئے مل کر کام کریں اور امن کو پنپنیں دیں۔
انہوں نے مزید کہا اتوار کے روز مسیحی امن اپنے پیارے وطن پاکستان اور مسلح و دفاعی افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے شمعیں روشن کریں گے۔