خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں پشاور، بنوں اور ہنگو میں پولیس چوکیوں اور تھانوں پر دہشتگردوں نے حملے کیے تاہم پولیس کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آوروں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق پشاور میں تھانہ بڈھ بیر اور متنی سرہ خوارہ پولیس چوکی پر دستی بموں سے حملے کیے گئے۔ پہلے حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جبکہ دوسرے حملے میں ایک اہلکار سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر دو پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرہ خوارہ چوکی میں اس وقت جرگہ جاری تھا جب دستی بم حملہ کیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے بھرپور جوابی فائرنگ کی جس پر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھر بنوں میں کاشو پُل پولیس چوکی پر بھی دہشتگردوں نے حملہ کیا جسے ناکام بنا دیا گیا۔ کنگر پولیس چوکی پر بھی فائرنگ کی گئی تاہم پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور فرار ہوگئے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق بنوں شہر میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ تمام اہم شاہراہوں اور چوکوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ہنگو میں قاضی تالاب کے مقام پر پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ڈی پی او کے مطابق پولیس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا اور دہشتگرد فرار ہوگئے۔
مزید برآں کوہاٹ میں بھی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور شہر کے تمام داخلی راستوں پر پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔