وزیراعظم کا سعودی ولی عہد، امیر قطر اور ابوظبی کے صدر سے رابطہ، اظہار یکجہتی

پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف


ویب ڈیسک February 28, 2026

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظہبی کی حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان اور امیر قطر  شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے تینوں رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطوں میں ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی کی شدید مذمت کی، جس کے بعد قطر، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی افسوسناک حملے رونما ہوئے۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صورتحال کو علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت تشویشناک قرار دیا جبکہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر حال، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم نے اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کی ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی۔

شہباز شریف نے ابو ظبی پر میزائل حملے میں ایک پاکستانی شہری کے المناک انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور مرحوم کی اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار  کیا۔

وزیراعظم نے امیر قطر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ملک قطر اور اس کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

رہنماؤں سے اپنی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ 

وزیراعظم نے زور دیا کہ مسائل کا حل بات چیت، سفارت کاری اور باہمی احترام کے ذریعے ہی تلاش کیا جانا چاہیے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورت حال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔

مقبول خبریں