کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کے باہر احتجاج، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں

مشتعل مظاہرین نے سلطان آباد میں ٹریفک پولیس کی چوکی اور ایک موٹر سائیکل کو نذرآتش کردیا


ویب ڈیسک March 01, 2026

کراچی:

ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد کراچی اور لاہور میں مشتعل مظاہرین نے امریکی قونصل خانے جانے کی کوشش کی ہے۔

کراچی میں ایم ٹی خان روڈ پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا، مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔

مشتعل مظاہرین نے سلطان آباد میں ٹریفک پولیس کی چوکی اور ایک موٹر سائیکل کو نذرآتش کردیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

احتجاج کے باعث نمائش چورنگی جانے والے راستے ٹریفک کیلئے بند کردیے گئے، ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بھی مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے باہر توڑ پھوڑ کی، پولیس نے مظاہرین کی امریکی قونصلیٹ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے سامنے لگائے سکیورٹی کیمپ بھی اکھاڑ دیے۔

مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ شملہ پہاڑی کے باہر دھرنا دے دیا۔ احتجاج میں نوجوانوں، خواتین و بچوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ خواتین نے شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں۔

مقبول خبریں