وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ آج امت مسلمہ، ایران اور پاکستان کے عوام کے لیے سوگوار دن ہے۔
ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر ہر پاکستانی ایرانیوں کی طرح غم سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، شہری قانون ہاتھ میں نہ لیں، احتجاج پُرامن انداز میں ریکارڈ کروائیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیر داخلہ نے ریڈ زون، ڈپلومیٹک انکلیو اور دیگر علاقوں میں امنِ عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے ڈپلومیٹک انکلیو میں فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر ایک کا حق ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات ہر لحاظ سے مکمل اور جامع ہونے چاہئیں، جبکہ روزمرہ معمولاتِ زندگی میں خلل پیدا کرنے کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیر داخلہ کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر پاور سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کو غمزدہ کردیا ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پورے خلوص کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ دکھ ہمارا مشترکہ دکھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے اپنے جذبات کا اظہار پرامن طریقے سے کریں۔ ریاست ہر ایک کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ ہم ایرانی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔ انشاء اللہ یہ غم بھی مشترکہ جدوجہد سے دور ہوگا۔