نئے پروگرام "مریم کو بتائیں" میں 10 دن کے اندر 11 لاکھ افراد کی رجسٹریشن

ہزاروں اہل شہریوں کو شناختی کارڈ ریکارڈ پر براہِ راست جاز کیش موبائل والٹس پر 10,000 روپے منتقل کیے گئے


ویب ڈیسک March 01, 2026

مریم نواز شریف کے نئے پروگرام "مریم کو بتائیں" میں 10 دن کے اندر 11 لاکھ افراد نے رجسٹریشن کروائی۔

پروگرام کے تحت 9.1 لاکھ افراد نے موبائل ایپ کے ذریعے رجسٹریشن کی، 1.4 لاکھ افراد نے ہیلپ لائن "1000" کے ذریعے اور 0.5 لاکھ افراد نے ویب پورٹل کے ذریعے درخواست دی۔ اوسطاً روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد رجسٹر ہو رہے ہیں۔

ہزاروں اہل شہریوں کو شناختی کارڈ ریکارڈ پر براہِ راست جاز کیش موبائل والٹس پر 10,000 روپے منتقل کیے گئے۔ وصولی کے لیے صارفین کو جاز کیش نمائندے کو میسج اور اصل شناختی کارڈ دکھانا ہوتا ہے۔

چیئر پرسن ہیلپ لائن 1000 اور وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل صائمہ فاروق نے معاونت کے طریقہ کار اور اعدادوشمار جاری کیے۔ ایک گھنٹے میں 18 لاکھ کالز، یعنی فی منٹ 30,000 اور فی سیکنڈ 500 کالز ریکارڈ کی گئیں، جو عوام کے غیر معمولی اعتماد اور دلچسپی کا مظہر ہیں۔

پروگرام مکمل طور پر PSER ڈیٹا اور PMT اسکورنگ پر مبنی ہے، شہری اور دیہی علاقوں کے لیے یکساں سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ہر درخواست گزار کو رجسٹریشن پر ٹریکنگ آئی ڈی دی جاتی ہے اور شفافیت، جوابدہی اور ڈیجیٹل ویری فکیشن کو یقینی بنایا گیا ہے۔

مستحق افراد موبائل ایپ "MARYAM KO BATAYN"، ویب پورٹل HTTPS://MKB.PUNJAB.GOV.PK
، یا ہیلپ لائن "1000" پر رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ پہلے سے حکومتی امداد حاصل کرنے والے افراد، جیسے رمضان نگہبان، راشن کارڈ، بےنظیر انکم سپورٹ اور وزیراعظم رمضان ریلیف پروگرام کے مستفیدین، رجسٹریشن کے اہل نہیں۔

چیئر پرسن ہیلپ لائن 1000 نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر مستحق خاندان کے لیے ریلیف، شفافیت اور وقار کے ساتھ کام کر رہی ہے، اور مریم نواز شریف کے جامع ویژن کے تحت یہ پروگرام کامیابی سے ہم کنار ہے۔

مقبول خبریں