سٹی کورٹ میں شادمان نالے میں موٹر سائیکل گرنے سے خاتون اور دو ماہ کے بچے کی ہلاکت کے کیس پر سماعت ہوئی جس میں متاثرہ شہری نے کے ایم سی اور ٹی ایم سی نارتھ ناظم آبادوسطی کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا۔
عدالت نے ہرجانے کی رقم ادا نہ کرنے پر کے ایم سی اور ٹی ایم سی نارتھ ناظم آباد کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے مجموعی طور پر 99 لاکھ روپے سے زائد ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے 24مارچ تک عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سینیئر سول جج ظہیر حسین منگی کا کہنا تھا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ فریقین کی غفلت کے باعث پیش آیا، کے ایم سی اور ڈی ایم سی وسطی اپنے عوامی فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے۔
جج نے کہا کہ فریقین کی قانونی ذمہ داری تھی کہ نالے اور سیوریج کے نظام کی دیکھ بھال اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ2022 کی بارشوں کے دوران موٹر سائیکل سوار خاندان نالے میں گر گیا تھا۔ فریقین کی غفلت سے مدعی کی اہلیہ اور 2 ماہ کا بیٹا ازلان جاں بحق ہوا۔ متاثرہ شہری نے جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت ہرجانے کا دعویٰ کیا۔